سورة الحشر - آیت 19

وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ نَسُوا اللَّهَ فَأَنسَاهُمْ أَنفُسَهُمْ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور ان لوگوں کی طرح نہ ہوجاؤ جو اللہ کو بھول گئے تو اس نے انھیں ان کی جانیں بھلوا دیں، یہی لوگ نافرمان ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

پھر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كہ اللہ كے ذكر كو نہ بھولو۔ ورنہ وہ تمہیں نیك اعمال جو آخرت میں نفع دینے والے ہیں بھلا دے گا۔ جن كے ذریعے سے وہ اپنے نفسوں كو عذاب الٰہی سے بچا سكتے تھے یوں انسان خدا فراموشی سے خود فراموشی تك پہنچ جاتا ہے۔ اس كی عقل اس كی صحیح راہنمائی نہیں كرتی۔ آنكھیں اس كو حق كا راستہ نہیں دكھاتیں اور اس كے كان حق سننے سے بہرے ہو جاتے ہیں۔ نتیجتاً اس سے ایسے كام سر زد ہو جاتے ہیں جن میں ان كی اپنی تباہی و بربادی ہوتی ہے۔ یعنی اللہ كی اطاعت سے نكل جانے والے، قیامت كے دن نقصان پہنچانے والے اور ہلاكت میں پڑنے والے یہی فاسق لوگ ہیں۔