اسْتَحْوَذَ عَلَيْهِمُ الشَّيْطَانُ فَأَنسَاهُمْ ذِكْرَ اللَّهِ ۚ أُولَٰئِكَ حِزْبُ الشَّيْطَانِ ۚ أَلَا إِنَّ حِزْبَ الشَّيْطَانِ هُمُ الْخَاسِرُونَ
شیطان ان پر غالب آ گیا، سو اس نے انھیں اللہ کی یاد بھلا دی، یہ لوگ شیطان کا گروہ ہیں۔ سن لو! یقیناً شیطان کا گروہ ہی وہ لوگ ہیں جو خسارہ اٹھانے والے ہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے كہ ان پر شیطان نے غلبہ پا لیا ہے اور ان كے دل كو اپنی مٹھی میں كر لیا ہے۔ اللہ كی یاد اور اس كے ذكر سے انہیں غافل كر دیا ہے۔ حدیث میں ہے كہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس كسی بستی یا جنگل میں تین شخص بھی ہوں اور ان میں نماز قائم نہ كی جاتی ہو تو شیطان ان پر چھا جاتا ہے، پس تو جماعت كو لازم پكڑے رہ، بھیڑیا اس بكری كو كھا جاتا ہے جو ریوڑ سے الگ ہو۔ حضرت سائب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، یہاں جماعت سے مرادنماز كی جماعت ہے۔ (ابوداود: ۷۴۵) شیطان كا یہ لشكر یقینا نامراد اور خسارہ اٹھانے والا ہے۔