سورة المجادلة - آیت 16

اتَّخَذُوا أَيْمَانَهُمْ جُنَّةً فَصَدُّوا عَن سَبِيلِ اللَّهِ فَلَهُمْ عَذَابٌ مُّهِينٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

انھوں نے اپنی قسموں کو ایک طرح کی ڈھال بنا لیا، پس انھوں نے اللہ کی راہ سے روکا، سو ان کے لیے رسوا کرنے والا عذاب ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی ایك طرف تو منافق مسلمانوں كے سامنے اپنے مسلمان ہونے كی قسمیں كھا كر ان كی گرفت سے محفوظ رہتے ہیں۔ اور ان كے جان ومال محفوظ ہو جاتے ہیں۔ اور دوسری طرف وہ اسلام، اہل اسلام اور پیغمبر اسلام كے خلاف ہر طرح كے شكوك وشبہات اور وسوسے لوگوں كے دلوں میں پیدا كرتے رہتے ہیں تاكہ لوگ یہ سمجھ كر اسلام قبول كرنے سے باز رہیں كہ جب گھر كے بھیدی ایسی خبریں دے رہے ہیں تو ضرور دال میں كچھ كالا ہے۔ اس طرح وہ لوگوں كو اللہ كے راستے سے روكنے كا جرم بھی كرتے ہیں۔ ان كے لیے رسوا كن عذاب تیار ہے۔