فَكَيْفَ كَانَ عَذَابِي وَنُذُرِ
پھر میرا عذاب اور میرا ڈرانا کیسا تھا ؟
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ دیکھو، میرا عذاب کیسا ہوا، میں نے تو اس قرآن کو آسان کر دیا، جو چاہے نصیحت و عبرت حاصل کر لے۔ قوم ثمود کا سیدنا صالح علیہ السلام کو جھٹلانے کی تین وجوہ: قوم ثمود نے تین وجوہ کی بنا پر سیدنا صالح علیہ السلام کو جھٹلایا تھا۔ ایک یہ کہ وہ ہم جیسا ہی ایک انسان ہے کھاتا ہے پیتا ہے بازاروں میں چلتا پھرتا ہے کوئی مافوق الفطرت بات اس میں ہم نہیں دیکھتے۔ دوسری یہ کہ وہ اکیلا ہے نہ اس کے ساتھ کوئی جتھا ہے نہ فوج ہے نہ یارو مدد گار اور نہ جاہ و حشم پھر آخر ہم کس بنا پر اس کی اطاعت کریں اگر ہم اس کی اطاعت کرنے لگیں تو ہم جیسا احمق اور پاگل کون ہوگا۔ تیسری وجہ یہ ہے کہ اگر اللہ کو اپنا کوئی رسول بنانا ہی تھا تو کیا اسے یہی شخص پسند آیا؟ جس کے پاس نہ مال و دولت ہے اور نہ جاہ و حشم۔ بلکہ یہ توحد سے تجاوز کرنے والا ہے۔ یعنی اس نے جھوٹ بھی بولا تو بہت بڑا۔ کہ مجھ پر وحی آتی ہے بھلا ہم میں سے صرف اسی ایک پر وحی آنی تھی؟ یا اس کے ذریعے سے اس کا مقصود اپنی بڑائی جتانا ہے۔