أَفَعَيِينَا بِالْخَلْقِ الْأَوَّلِ ۚ بَلْ هُمْ فِي لَبْسٍ مِّنْ خَلْقٍ جَدِيدٍ
تو کیا ہم پہلی دفعہ پیدا کرنے کے ساتھ تھک کر رہ گئے ہیں؟ بلکہ وہ ایک نئے پیدا کیے جانے کے متعلق شک میں مبتلاہیں۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے جب یہ کچھ نہ تھے تو کیا ان کا پیدا کرنا ہم پر بھاری پڑا؟ جو یہ اب دوبارہ پیدا کرنے کے منکر ہو رہے ہیں۔ ابتدا سے تو اعادہ بہت ہی آسان ہوا کرتا ہے۔ سورہ روم (۲۷) میں فرمایا کہ: ﴿وَ هُوَ الَّذِيْ يَبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيْدُهٗ وَ هُوَ اَهْوَنُ عَلَيْهِ﴾ ’’ابتداً اسی نے پیدا کیا اور دوبارہ بھی وہی پیدا کرے گا اور اس پر یہ بہت آسان ہے۔‘‘ سورہ یٰسین (۷۸) میں فرمایا کہ: ﴿وَ ضَرَبَ لَنَا مَثَلًا﴾ ’’اپنی پیدائش کو بھول کر ہمارے سامنے مثالیں بیان کرنے لگا اور کہنے لگا کہ بوسیدہ گلی سڑی ہڈیوں کو کون زندہ کرے گا؟ تو جواب دے کہ وہ جس نے انھیں اول بار پیدا کیا اور جو تمام خلق کو جانتا ہے۔ ایک صحیح حدیث میں وارد ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ’’مجھے بنی آدم ایذا دیتا ہے، کہتا ہے خدا مجھے دوبارہ پیدا نہیں کر سکتا حالانکہ پہلی دفعہ پیدا کرنا دوبارہ پیدا کرنے سے کچھ آسان نہیں۔‘‘ (بخاری: ۴۹۷۴)