أَفَلَمْ يَنظُرُوا إِلَى السَّمَاءِ فَوْقَهُمْ كَيْفَ بَنَيْنَاهَا وَزَيَّنَّاهَا وَمَا لَهَا مِن فُرُوجٍ
تو کیا انھوں نے اپنے اوپر آسمان کی طرف نہیں دیکھا کہ ہم نے کیسے اسے بنایا اور اسے سجایا اور اس میں کوئی درزیں نہیں ہیں۔
اللہ کے محیر العقول شاہکار: یہ لوگ جس چیز کو نا ممکن خیال کرتے ہیں پروردگار عالم اس سے بہت بڑھے چڑھے اپنی قدرت کے نمونے سامنے رکھ رہا ہے کہ آسمان کو دیکھو اس کی بناوٹ پر غور کرو۔ اس کے روشن ستاروں کو دیکھو اور دیکھو کہ اتنے بڑے آسمان میں کوئی سوراخ کوئی چھید، کوئی شگاف، کوئی دراڑ نہیں جیسا کہ سورہ الملک (۳) میں فرمایا کہ: ﴿الَّذِيْ خَلَقَ سَبْعَ سَمٰوٰتٍ طِبَاقًا﴾ ’’اللہ وہ ہے جس نے سات آسمان اوپر تلے پیدا کیے۔ تو خدا کی اس صفت میں کوئی خلل نہ دیکھے گا۔ تو پھر نگاہ ڈال کر دیکھ لے کہیں تجھ کو کوئی خلل نظر آتا ہے؟ پھر بار بار غور کر اور دیکھ تیری نگاہ نامراد و عاجز ہو کر تیری طرف لوٹ آئے گی۔‘‘