سورة غافر - آیت 43

لَا جَرَمَ أَنَّمَا تَدْعُونَنِي إِلَيْهِ لَيْسَ لَهُ دَعْوَةٌ فِي الدُّنْيَا وَلَا فِي الْآخِرَةِ وَأَنَّ مَرَدَّنَا إِلَى اللَّهِ وَأَنَّ الْمُسْرِفِينَ هُمْ أَصْحَابُ النَّارِ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

کوئی شک نہیں کہ یقیناً تم مجھے جس کی طرف بلاتے ہو اس کے لیے کسی طرح پکارنا نہ دنیا میں (درست) ہے اور نہ آخرت میں اور یہ کہ یقیناً ہمارا لوٹنا اللہ کی طرف ہے اور یہ کہ یقیناً حد سے بڑھنے والے، وہی آگ میں رہنے والے ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی ان چیزوں کو نہ دنیا میں یہ حق پہنچتا ہے نہ آخرت میں کہ ان کی خدائی کو تسلیم کرنے کے لیے لوگوں کو دعوت دی جائے۔ نہ یہ آخرت میں کسی کی پکار سن کر کسی کو عذاب سے چھڑانے پر اور نہ کسی کی شفاعت ہی کرنے پر قادر ہوں گے۔ لوٹنا اللہ کی طرف ہے: جہاں ہر ایک کا حساب ہو گا اور اس کے عمل کے مطابق اسے اچھی یا بری سزا دی جائے گئی۔ یعنی کافر و مشرک جو اللہ کی نافرمانی میں حد سے تجاوز کر جاتے ہیں۔ اسی طرح جو بہت زیادہ گناہگار مسلمان ہوں گے جن کی نافرمانیاں ’’ اسراف‘‘ کی حد تک پہنچی ہوئی ہوں گی۔ انہیں بھی کچھ عرصہ جہنم کی سزا بھگتنی ہو گی، تاہم بعد میں شفاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم یا اللہ کی مشیئت سے ان کو جہنم سے نکال کر جنت میں داخل کر دیا جائے گا۔