وَقَالَ فِرْعَوْنُ ذَرُونِي أَقْتُلْ مُوسَىٰ وَلْيَدْعُ رَبَّهُ ۖ إِنِّي أَخَافُ أَن يُبَدِّلَ دِينَكُمْ أَوْ أَن يُظْهِرَ فِي الْأَرْضِ الْفَسَادَ
اور فرعون نے کہا مجھے چھوڑ دو کہ میں موسیٰ کو قتل کر دوں اور وہ اپنے رب کو پکارلے، بے شک میں ڈرتا ہوں کہ وہ تمھارا دین بدل دے گا، یا یہ کہ زمین میں فساد پھیلادے گا۔
مجھے چھوڑ دو: یہ غالباً فرعون نے ان لوگوں سے کہا جو اسے موسیٰ علیہ السلام کو قتل کرنے سے منع کرتے تھے۔ چنانچہ فرعون نے کہا کہ میں موسیٰ علیہ السلام کو قتل کر ڈالوں گا، وہ اگرچہ اپنے اللہ کو بھی اپنی مدد کے لیے پکار لے۔ مجھے کوئی پروا نہیں۔ مجھے ڈر ہے کہ اگر اسے زندہ چھوڑ دیا گیا تو وہ تمھارے دین کو بدل دے گا، تمہاری عادات و رسومات کو تم سے چھڑا دے گا۔ اور زمین میں ایک فساد پھیلا دے گا۔ یوں دعوت توحید کو اس نے فساد کا سبب اور اہل توحید کو فسادی قرار دیا۔ حالانکہ فسادی وہ خود تھا اور غیر اللہ کی عبادت ہی فساد کی جڑ ہے۔