سورة الزمر - آیت 17

وَالَّذِينَ اجْتَنَبُوا الطَّاغُوتَ أَن يَعْبُدُوهَا وَأَنَابُوا إِلَى اللَّهِ لَهُمُ الْبُشْرَىٰ ۚ فَبَشِّرْ عِبَادِ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور وہ لوگ جنھوں نے طا غوت سے اجتناب کیا کہ اس کی عبادت کریں اور اللہ کی طرف رجوع کیا انھی کے لیے خوشخبری ہے، سو میرے بندوں کو بشارت دے دے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

طاغوت کا مفہوم: طاغوت سے مراد ہر وہ چیز ہے۔ جس کی اللہ کے مقابلہ میں اطاعت یا عبادت کی جاتی ہو۔ یا وہ خود اللہ کے مقابلہ میں اپنی اطاعت یا عبادت لوگوں سے کروانا پسند کرتا ہو۔ گویا طاغوت سے مراد دنیا دار چودھری اور حکمران بھی ہو سکتے ہیں۔ کوئی ادارہ یا پارلیمنٹ بھی ہو سکتی ہے۔ بت، شیطان اور جن بھی ہو سکتے ہیں۔ اور ایسے پیر فقیر بھی ہو سکتے ہیں جو اللہ کے مقابلہ میں اپنی اطاعت کروانا پسند کرتے ہوں اور شریعت پر طریقت کو ترجیح دیتے ہیں۔ اللہ کی طرف رجوع کرنے والوں کے لیے بشارت: یہ بشارت صرف ان لوگوں کے لیے ہے جو ہر قسم کے طاغوت کی اطاعت یا عبادت سے بچتے رہے اور تنگی ترشی میں بھی اللہ ہی کی اطاعت و عبادت کرتے رہے۔ اسی طرف رجوع کیا اور اسی پر توکل کیا۔