سورة الزمر - آیت 1
تَنزِيلُ الْكِتَابِ مِنَ اللَّهِ الْعَزِيزِ الْحَكِيمِ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اس کتاب کا اتارنا اللہ کی طرف سے ہے جو سب پر غالب، کمال حکمت والا ہے۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
مکی سورۃ کا آغاز عموماً ایسی ہی آیات سے ہوا ہے وجہ یہ ہے کہ کفار مکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت اور کلام کو منزل من اللہ نہیں سمجھتے تھے۔ اس آیت میں ایک تو یہ بتایا گیا ہے کہ یہ کتاب نبی کی اپنی تصنیف نہیں بلکہ اللہ کی طرف سے نازل شدہ ہے۔ دوسرا یہ کہ وہ اللہ بہت زبردست ہے اور اپنے فرامین و احکام کو نافذ کرنے کی طاقت رکھتا ہے تیسرا یہ کہ چوں کہ اللہ حکیم ہے۔ لہٰذا اس کا یہ کلام بھی حکمتوں سے لبریز ہے۔ جو اپنے اقوال افعال، شریعت، تقدیر سب میں حکمتوں والا ہے۔