سورة النمل - آیت 83

وَيَوْمَ نَحْشُرُ مِن كُلِّ أُمَّةٍ فَوْجًا مِّمَّن يُكَذِّبُ بِآيَاتِنَا فَهُمْ يُوزَعُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور جس دن ہم ہر امت میں سے ایک جماعت اکٹھی کریں گے، ان لوگوں سے جو ہماری آیات کو جھٹلاتے تھے، پھر ان کی قسمیں بنائی جائیں گی۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس آیت میں یہ بتلایا گیا ہے کہ اللہ کی باتوں کو نہ ماننے والوں کا اللہ کے سامنے حشر ہوگا۔ ہر قوم سے ہر زمانے کے ایسے لوگوں کے گروہ الگ الگ پیش ہوں گے یعنی جرائم کے لحاظ سے مجرموں کی الگ الگ جماعتیں بنادی جائیں گی۔ مثلاً مشرکوں کی الگ جماعت ہوگی،زانیوں کی الگ، شرابیوں کی الگ، منافقوں کی الگ، اور بعض مفسرین نے اس سے یہ مراد لی ہے کہ مکذبین کو محشر کی طرف لے چلیں گے اور وہ اتنی کثرت سے ہوں گے کہ پیچھے چلنے والوں کو آگے بڑھنے سے روک دیاجائے گا جیساکہ انبوہ کثیر میں انتظام قائم کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ پھر سب کو ترتیب وار لا کر جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔