إِنَّكَ لَا تُسْمِعُ الْمَوْتَىٰ وَلَا تُسْمِعُ الصُّمَّ الدُّعَاءَ إِذَا وَلَّوْا مُدْبِرِينَ
بے شک تو نہ مردوں کو سناتا ہے اور نہ بہروں کو اپنی پکار سناتا ہے، جب وہ پیٹھ پھیر کر پلٹ جائیں۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے فرمایا کہ آپ صرف اللہ پر بھروسہ رکھیں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ کافر لوگ جن کے دل مردہ ہوچکے ہیں جو کسی کی بات سن کر فائدہ نہیں اٹھا سکتے یا بہرے ہیں جو سنتے ہیں نہ سمجھتے ہیں اور نہ راہ یاب ہونے والے ہیں گویا کافروں کو مردوں سے تشبیہ دی گئی ہے ۔ جن میں حس ہوتی ہے نہ عقل اور بہروں سے تشبیہ دی، جو وعظ و نصیحت سنتے ہیں نہ دعوت الی اللہ قبول کرتے ہیں ۔ یعنی وہ حق سے مکمل طور پر گریزاں اور متنفر ہیں کیونکہ بہرا آدمی رو در رو بھی کوئی بات سن نہیں پاتا چہ جائیکہ اس وقت سن سکے جب وہ منہ موڑلے اور پیٹھ پھیرے ہوئے ہو۔