سورة البقرة - آیت 21
يَا أَيُّهَا النَّاسُ اعْبُدُوا رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُمْ وَالَّذِينَ مِن قَبْلِكُمْ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اے لوگو! اپنے رب کی عبادت کرو جس نے تمھیں پیدا کیا اور ان لوگوں کو بھی جو تم سے پہلے تھے، تاکہ تم بچ جاؤ۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
مدینہ میں تین طرح کے لوگوں کا ذکر کرکے اب اللہ تعالیٰ نے تمام لوگوں کو خطاب فرماکر اسلام کی بنیادی دعوت دی ہے کہ ایک اللہ کی عبادت کرو۔ جو تم سب كا خالق ہے، مالک ہے، رب ہے، رازق ہے۔ تمہاری تمام ضروریات مہیا کرنے والا ہے تو پھر تم اُسے چھوڑکر دوسروں کی عبادت کیوں کرتے ہو؟ دوسروں کو اُس کا شریک کیوں ٹھہراتے ہو؟ اگر تم عذاب خداوندی سے بچنا چاہتے ہو تو اُس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ صرف ایك اللہ کو معبودِ برحق مانو اُسی کی عبادت کرو۔ اور جانتے بوجھتے ہوئے شرک کا ارتکاب نہ کرو۔