سورة الحج - آیت 71

وَيَعْبُدُونَ مِن دُونِ اللَّهِ مَا لَمْ يُنَزِّلْ بِهِ سُلْطَانًا وَمَا لَيْسَ لَهُم بِهِ عِلْمٌ ۗ وَمَا لِلظَّالِمِينَ مِن نَّصِيرٍ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور وہ اللہ کے سوا اس چیز کی عبادت کرتے ہیں جس کی اس نے کوئی دلیل نازل نہیں کی اور جس کا انھیں کچھ علم نہیں اور ظالموں کا کوئی مددگار نہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس آیت میں بلا دلیل، بغیر سند کے اللہ کے سوا اور دوسروں کی پوجا پاٹ، عبادت وبندگی کرنے والوں کا جہل و کفر بیان ہو رہا ہے کہ شیطانی تقلید اور باپ دادا کی دیکھا دیکھی کے سوا ان پاس نہ کوئی نقلی اور نہ کوئی عقلی دلیل ہے۔ اس سے اللہ تعالیٰ خود باز پرس کر لے گا۔ ناممکن ہے کہ ایسے ظالم چھٹکارا پا جائیں، جب ان پر خدا کے پاک کلام کی آیتیں، دلیلیں، واضح حجتیں پیش کی جاتی ہیں تو ان کے تن بدن میں آگ لگ جاتی ہے۔ اللہ کی توحید، رسولوں کی اتباع کو صاف طور پر بیان کیا تو انھیں سخت غصہ آیا ان کی شکلیں بدل گئیں۔ ان کا بس چلے تو زبان کھینچ لیں، حقانیت کا ایک لفظ بھی زمین پر نہ آنے دیں۔ ان سچے خیر خواہوں کی اور اللہ کے دین کے مبلغوں کی برائیاں کرنے لگتے ہیں۔ ایسے ظالموں کا قیامت کے دن کوئی مددگار نہ ہوگا۔