ذَٰلِكَ بِأَنَّ اللَّهَ هُوَ الْحَقُّ وَأَنَّ مَا يَدْعُونَ مِن دُونِهِ هُوَ الْبَاطِلُ وَأَنَّ اللَّهَ هُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ
یہ اس لیے کہ بے شک اللہ ہی ہے جو حق ہے اور (اس لیے) کہ بے شک اس کے سوا وہ جسے بھی پکارتے ہیں وہی باطل ہے اور (اس لیے) کہ بے شک اللہ ہی بے حد بلند ہے، بہت بڑا ہے۔
اس پر کوئی حاکم نہیں: پھر جو ہستی کائنات میں اتنا تصرف کرنے پر قدرت رکھتی ہے۔ تمام ظاہری وباطنی اسباب اور ان کے نتائج پر اللہ اکیلے کا کنٹرول ہے، اللہ کا دین حق ہے، اس کی عبادت حق ہے، اس کے وعدے حق ہیں، اس کا اپنے اولیاء کی ان کے دشمنوں کے مقابلے میں مدد کرنا حق ہے۔ وہ اللہ عزوجل اپنی ذات میں، اپنے افعال میں اور اپنی صفات میں حق ہے تو پھر حق بات یہی ہے کہ اپنی حاجات کے لیے اکیلے اللہ ہی کو پکارا جائے اور جو لوگ ایسے قدرتوں والے اللہ کو چھوڑ کر دوسروں کو پکارتے ہیں وہ غلطی پر ہیں۔ کیونکہ وہی سب سے بڑی قوت والا اور سب سے بڑا ہے۔