وَالْمُطَلَّقَاتُ يَتَرَبَّصْنَ بِأَنفُسِهِنَّ ثَلَاثَةَ قُرُوءٍ ۚ وَلَا يَحِلُّ لَهُنَّ أَن يَكْتُمْنَ مَا خَلَقَ اللَّهُ فِي أَرْحَامِهِنَّ إِن كُنَّ يُؤْمِنَّ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ ۚ وَبُعُولَتُهُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّهِنَّ فِي ذَٰلِكَ إِنْ أَرَادُوا إِصْلَاحًا ۚ وَلَهُنَّ مِثْلُ الَّذِي عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوفِ ۚ وَلِلرِّجَالِ عَلَيْهِنَّ دَرَجَةٌ ۗ وَاللَّهُ عَزِيزٌ حَكِيمٌ
اور وہ عورتیں جنھیں طلاق دی گئی ہے اپنے آپ کو تین حیض تک انتظار میں رکھیں اور ان کے لیے حلال نہیں کہ وہ چیز چھپائیں جو اللہ نے ان کے رحموں میں پیدا کی ہے، اگر وہ اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتی ہیں۔ اور ان کے خاوند اس مدت میں انھیں واپس لینے کے زیادہ حق دار ہیں، اگر وہ (معاملہ) درست کرنے کا ارادہ رکھتے ہوں۔ اور معروف کے مطابق ان (عورتوں) کے لیے اسی طرح حق ہے جیسے ان کے اوپر حق ہے اور مردوں کو ان پر ایک درجہ حاصل ہے اور اللہ سب پر غالب، کمال حکمت والا ہے۔
تین حیض تک رکنا: یہ حکم ان مطلقہ عورتوں کے لیے ہے جو حاملہ نہ ہوں۔ حاملہ عورت کی عدت وضع حمل تک ہے اور جس عورت سے اس کے خاوند نے ابھی تک صحبت نہ کی ہو اس پر کوئی عدت نہیں عدت کے دوران نان نفقہ اور رہائش خاوند کے ذمہ ہوتا ہے۔ اور عورت کو اپنے خاوند کے ہاں ہی عدت گزارنا چاہیے۔ کیونکہ اس دوران خاوند اس سے رجوع کا حق رکھتا ہے اور قانوناً وہ اس کی بیوی ہی ہوتی ہے۔ حیض اور حمل کا چھپانا جائز نہیں: یعنی انھیں چاہیے کہ وہ صاف صاف بتادیں کہ انھیں حیض آتا ہے یا وہ حاملہ ہیں یعنی اگر عورت حاملہ تھی اور اس نے خاوند کو نہ بتایا اگر بتادیتی تو شاید خاوند طلاق نہ دیتا یا عورت کو تیسرا حیض آچکا اور اس نے خاوند کو نہ بتایا کہ اس سے نان نفقہ وصول کرتی رہی كہ یہ جھوٹ ہے۔ اور جھوٹ کی کئی صورتیں پیش آسکتی ہیں۔ لہٰذا انھیں چاہیے کہ اللہ سے ڈر کر صحیح صحیح بات بتادیا کریں۔ مرد کو عورت پر ایک درجہ فوقیت : عورت اور مرد دونوں کے حقوق ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں جن کو پورا کرنے کے شرعاً دونوں پابند ہیں ۔ رجوع سے مراد: خاوند کا مقصد اگر تنگ کرنا نہ ہو تو عدت کے اندر خاوند کو رجوع کرنے کا پورا حق حاصل ہے ۔ عورت کے ولی کو اس حق میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں۔ تاہم مرد کو عورت پر درجہ یا فضیلت حاصل ہے مثلاً (۱)فطری قوتوں میں (۲) جہاد کی اجازت میں۔ (۳) میراث کے دو گنا ہونے میں۔ (۴) قوامیت اور حاکمیت میں۔ (۵) طلاق اور رجوع کا حق صرف مرد کو دیا گیا ہے۔