سورة مريم - آیت 87

لَّا يَمْلِكُونَ الشَّفَاعَةَ إِلَّا مَنِ اتَّخَذَ عِندَ الرَّحْمَٰنِ عَهْدًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

وہ سفارش کے مالک نہ ہوں گے مگر جس نے رحمان کے ہاں کوئی عہد لے لیا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سفارش کی کڑی شرائط: یعنی ایک تو سفارش اُس شخص کے حق میں کی جا سکے گی جس نے اپنے آپ کو مستحق شفاعت بنائے رکھا ہو۔ ایسے لوگوں کے لیے اللہ کا عہد ہے کہ ان کے حق میں سفارش قبول کر لی جائے گی اور یہ وہ لوگ ہوں گے جنھوں نے کبھی شرک نہ کیا ہوگا۔ اللہ کے فرمانبردار ہوں گے مگر کبھی کبھی گناہ بھی سرزد ہوگئے ہوں گے اوردوسرا مطلب یہ ہے کہ سفارش صرف وہ لوگ کر سکیں گے جنھیں اللہ تعالیٰ سفارش کرنے کی اجازت دیں گے اور یہی اللہ کا عہد ہے۔ ان لوگوں کو سفارش کرنے کی ہرگز اجازت نہ ہوگی جن سے مشرکوں نے اپنی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔