وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ إِسْمَاعِيلَ ۚ إِنَّهُ كَانَ صَادِقَ الْوَعْدِ وَكَانَ رَسُولًا نَّبِيًّا
اور کتاب میں اسماعیل کا ذکر کر، یقیناً وہ وعدے کا سچا تھا اور ایسا رسول جو نبی تھا۔
سیدنا اسماعیل علیہ السلام کے اوصاف وخصائل: سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے دوسرے اور بڑے بیٹے سیدنا اسماعیل علیہ السلام ذبیح اللہ تھے یہ نبی تھے اور رسول بھی جبکہ سیدنا اسحاق نبی تھے سیدنا اسماعیل عرب حجاز کے مورث اعلیٰ ہیں۔ جو اللہ کے لیے نذر مانتے تھے، جو عبادت کرنے کا رادہ کرتے تھے پوری ہی کرتے تھے ہر حق ادا کرتے تھے ہر وعدے کو وفا کرتے تھے۔ خواہ اس میں جان تک قربان کرنی پڑے۔ باپ سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے اللہ کی راہ میں جان کی قربانی کے لیے کہا تو فوراً تیار ہو گئے اور وعدہ کیا کہ میں ان شاء اللہ اس معاملہ میں بھی صبر کروں گا چنانچہ آپ نے کمال اطاعت کرکے اس وعدے کو بھی پورا کیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انھی کی اولاد سے ہیں۔