سورة مريم - آیت 18

قَالَتْ إِنِّي أَعُوذُ بِالرَّحْمَٰنِ مِنكَ إِن كُنتَ تَقِيًّا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اس نے کہا بے شک میں تجھ سے رحمان کی پناہ چاہتی ہوں، اگر تو کوئی ڈر رکھنے والا ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

سیدہ مریم اور جبرائیل کا مکالمہ: حضرت مریم نے جب دیکھا کہ ایک شخص بے دھڑک اندر آگیا ہے یہ صورت حال دیکھ کر وہ سخت خوفزدہ ہو گئیں یہ ان کے لیے انتہائی نازک وقت تھا۔ خود بھی نوجوان تھیں اور سامنے بھی ایک نوجوان اور خوش شکل انسان کھڑا تھا اور تنہائی بھی تھی کوئی دوسرا پاس نہ تھا نووارد کا نورانی چہرہ دیکھ کر اندازہ کیا کہ آدمی تو کوئی پرہیزگار ہی معلوم ہوتا ہے۔ لہٰذا اسے اللہ کا واسطہ دے کر کہا کہ میں تیری طرف سے رحمن کی پناہ میں آتی ہوں یعنی اس بات سے کہ تومجھ پر کسی قسم کی دست درازی کرے۔