سورة الكهف - آیت 39

وَلَوْلَا إِذْ دَخَلْتَ جَنَّتَكَ قُلْتَ مَا شَاءَ اللَّهُ لَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللَّهِ ۚ إِن تَرَنِ أَنَا أَقَلَّ مِنكَ مَالًا وَوَلَدًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور جب تو اپنے باغ میں داخل ہوا تو تو نے یہ کیوں نہ کہا ''جو اللہ نے چاہا، کچھ قوت نہیں مگر اللہ کی مدد سے''اگر تو مجھے دیکھتا ہے کہ میں مال اور اولاد میں تجھ سے کم تر ہوں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

موحد ساتھی نے اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا طریقہ بتلاتے ہوئے کہا کہ باغ میں داخل ہوتے وقت سرکشی اور غرور کا مظاہرہ کرنے کی بجائے یہ کہا ہوتا ’’ماشا اللہ لا قوۃ الا باللہ ۔ یعنی جو کچھ ہوتا ہے اللہ کی مشیئت سے ہوتا ہے تو بہتر تھا۔ وہ چاہے تو اسے باقی رکھے چاہے تو فنا کر دے۔ ایک حدیث میں ہے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اے عبداللہ بن قیس کیا میں تمھیں ایک ایسا کلمہ نہ سکھاؤں جو جنت کے خزانوں میں سے ہے۔ میں نے عرض کیا وہ کیا ہے؟ فرمایا: وہ خزانہ ’’ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللّٰہِ‘‘ کہنا ہے۔ (بخاری: ۶۶۱۰، مسلم: ۲۷۰۴) موحد ساتھی نے اسے کہا کہ کیا یہ ممکن نہیں کہ اگر میں تمھارے خیال کے مطابق تم میں مال و اولاد میں کمتر ہوں تو اللہ مجھے تیرے باغ سے بہتر باغ عطا فرما دے، اور یہ بھی عین ممکن ہے کہ تمھارے اس تکبر کی سزا کے طور پر اللہ تیرے اس باغ پر کوئی آسمانی آفت بھیج کر اسے خاکستر کر دے یا اس نہر کا پانی ہی خشک کر دے تو تمھارا یہ ہرا بھرا باغ تھوڑے ہی عرصہ میں مرجھا کر ویران ہو جائے۔