سورة النحل - آیت 27

ثُمَّ يَوْمَ الْقِيَامَةِ يُخْزِيهِمْ وَيَقُولُ أَيْنَ شُرَكَائِيَ الَّذِينَ كُنتُمْ تُشَاقُّونَ فِيهِمْ ۚ قَالَ الَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ إِنَّ الْخِزْيَ الْيَوْمَ وَالسُّوءَ عَلَى الْكَافِرِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

پھر قیامت کے دن وہ انھیں رسوا کرے گا اور کہے گا کہاں ہیں میرے وہ شریک جن کے بارے میں تم لڑتے جھگڑتے تھے؟ وہ لوگ جنھیں علم دیا گیا کہیں گے کہ بے شک رسوائی آج کے دن اور برائی کافروں پر ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

ایسے راہ حق میں رکاوٹیں پیداکرنے والوں کادنیامیں تو یہ انجام ہوا اور آخرت میں اللہ تعالیٰ سب کے سامنے حاضر کرکے انھیں پوچھے گا؟ کہ بتاؤ وہ تمہارے بناوٹی شریک کدھر ہیں، جنھیں تم نے میرے مقابلے میں لاکھڑاکیاتھا۔ اور میرے رسولوں سے دنیا میں جھگڑا کرتے رہتے تھے ۔ آج وہ تمہاری مدد کو کیوں نہیں آتے، وہ جو اب نہ دے سکیں گے اور یہی بات ان کے لیے رسوائی کاباعث بن جائے گی ۔ پھر انھیں شرک کاجو بدلہ دیاجائے گا وہ انتہائی رسوا کن ہوگا۔ پھر کچھ دیر بعد اہل علم یعنی انبیاء کرام اور ان کے پیروکار کافروں اور مشرکوں کو مخاطب کرکے کہیں گے کہ ہم نے تمہیں بتایا نہ تھاکہ قیامت کے دن تمہیں سخت رسوائی اور بُر ے انجام سے دوچار ہوناپڑے گا۔