سورة الحجر - آیت 94

فَاصْدَعْ بِمَا تُؤْمَرُ وَأَعْرِضْ عَنِ الْمُشْرِكِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

پس اس کا صاف اعلان کر دے جس کا تجھے حکم دیا جاتا ہے اور مشرکوں سے منہ پھیر لے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

حکم ہو رہاہے کہ اے پیغمبر! اب آپ خدا کی باتیں لوگوں کو صاف صاف بلا جھجھک پہنچادیں نہ کسی سے رو رعایت کیجیے اور نہ کسی کاڈر خوف کیجیے۔ مشرکوں کے سامنے کھلم کھلا تو حید بیان کردیجیے ۔ خود عمل کرکے دوسروں تک بھی پہنچائیے ۔ نماز میں قرآن کی تلاوت بآواز بلند کیجیے ۔ اس آیت کے اترنے سے پہلے حضور صلی اللہ علیہ وسلم پوشیدہ تبلیغ فرماتے تھے ۔ لیکن اس کے بعد آپ اور آپ کے صحابہ رضی اللہ عنہم نے کھلم کھلا اشاعت دین شروع کردی۔ ان مذاق اڑانے والوں کو ہم پر چھوڑ دیں ۔ ہم خود ان سے نمٹ لیں گے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی تبلیغ کے فریضہ میں کوتاہی نہ کریں یہ تو چاہتے ہیں کہ ذرا سی سستی آپ کی طرف سے دیکھیں تو خود بھی دست بردار ہوجائیں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان سے متعلق خوف نہ کریں اللہ تعالیٰ آپ کا حافظ و ناصر ہے وہ آپ کو ان کے شر سے بچالے گا۔