سورة یوسف - آیت 60
فَإِن لَّمْ تَأْتُونِي بِهِ فَلَا كَيْلَ لَكُمْ عِندِي وَلَا تَقْرَبُونِ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
پھر اگر تم اسے میرے پاس نہ لائے تو تمھارے لیے میرے پاس نہ کوئی ماپ ہوگا اور نہ میرے قریب آنا۔
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
یوسف علیہ السلام نے بھائیوں سے کہا کہ اپنی سچائی کے اظہار کے لیے اپنے بھائی کو جیسے اس مرتبہ تم اپنے ساتھ نہیں لائے اگر اب آؤ تو لیتے آنا اور دیکھو میں نے تم سے اچھا سلوک کیا ہے۔ اور تمھاری بڑی خاطر تواضع کی ہے۔ اس طرح رغبت دلا کر پھر دھمکا بھی دیا کہ اگر تم اپنے بھائی کو ساتھ نہ لائے تو میں سمجھوں گا کہ تم جھوٹے تھے۔ لہٰذا اس صورت میں نہ تمھیں غلہ مل سکے گا اور نہ تمھیں اپنے نزدیک آنے ہی دوں گا۔ بلکہ میرے ہاں آنے کی کوشش ہی نہ کرنا۔