سورة یونس - آیت 109

وَاتَّبِعْ مَا يُوحَىٰ إِلَيْكَ وَاصْبِرْ حَتَّىٰ يَحْكُمَ اللَّهُ ۚ وَهُوَ خَيْرُ الْحَاكِمِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور اس کی پیروی کر جو تیری طرف وحی کی جاتی ہے اور صبر کر، یہاں تک کہ اللہ فیصلہ کرے اور وہ سب فیصلہ کرنے والوں سے بہتر ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ جس چیز کی وحی کرے، اسے مضبوطی سے پکڑ لیں، جس کا امر کریں اسے عمل میں لائی جس سے روکیں، رک جائیں اور کسی چیز میں کوتاہی نہ کریں اور وحی کی اطاعت و اتباع میں جو تکلیفیں آئیں، مخالفین کی طرف سے جو ایذائیں پہنچیں اور تبلیغ و دعوت کی راہ میں جن دشواریوں سے گزرنا پڑے، ان پر صبر و ثابت قدمی سے سب کا مقابلہ کریں۔ اللہ سب سے بہتر فیصلہ کرنے والا ہے۔ کیونکہ اس کا علم بھی کامل ہے اور اس کی قدرت و طاقت بھی وسیع ہے اور اس کی رحمت بھی عام ہے اس لیے اس سے زیادہ بہتر فیصلہ کرنے والا اور کون ہو سکتا ہے۔ یہ سورہ مکی زندگی کے آخری دور میں نازل ہوئی تھی جبکہ مسلمانوں پر کفار کے شدائد و مظالم کی انتہا ہو چکی تھی اور بعض جرأت مند صحابہ رضی اللہ عنہم کی خواہش کے باوجود جہاد کی اجازت ابھی تک نہیں ملی تھی۔ لہٰذا اس سورت کے اختتام پر ایک دفعہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کو صبر کرنے اور وحی کی اتباع کی تلقین کی جا رہی ہے اور ساتھ ہی اچھے دنوں کی آمد کی خوشخبری بھی دی جا رہی ہے۔ الحمد للّٰہ