سورة یونس - آیت 98

فَلَوْلَا كَانَتْ قَرْيَةٌ آمَنَتْ فَنَفَعَهَا إِيمَانُهَا إِلَّا قَوْمَ يُونُسَ لَمَّا آمَنُوا كَشَفْنَا عَنْهُمْ عَذَابَ الْخِزْيِ فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا وَمَتَّعْنَاهُمْ إِلَىٰ حِينٍ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

سو کوئی ایسی بستی کیوں نہ ہوئی جو ایمان لائی ہو، پھر اس کے ایمان نے اسے نفع دیا ہو، یونس کی قوم کے سوا، جب وہ ایمان لے آئے تو ہم نے ان سے ذلت کا عذاب دنیا کی زندگی میں ہٹا دیا اور انھیں ایک وقت تک سامان دیا۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

کسی بستی کے تمام باشندے کسی نبی پر ایمان نہیں لائے تو سب نے ہی کفر کیا یا اکثر نے سورہ یٰسٓ میں فرمایا بندوں پر افسوس ہے ان کے پاس جو رسول آئے انھوں نے ان کا مذاق اُڑایا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں مجھ پر انبیاء پیش کیے گئے کسی نبی کے ساتھ تو لوگوں کا ایک گروہ تھا، کسی کے ساتھ صرف ایک آدمی، کسی کے ساتھ صرف دو اور کوئی محض تنہا، پھر آپ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی کثرت بیان کی۔ پھر اپنی امت کا اس سے بھی زیادہ ہونا بیان کیا کہ اس نے مشرق سے مغرب کی سمت کو ڈھانپ لیا (بخاری: ۵۷۰۵) اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں جن بستیوں کو ہم نے ہلاک کیا، ان میں کوئی ایک بستی بھی ایسی کیوں نہ ہوئی جو ایسا ایمان لائی جو اس کے لیے فائدے مند ہوتا۔ ہاں صرف یونس علیہ السلام کی قوم ایسی ہوئی ہے کہ جب وہ ایمان لے آئی تو اللہ نے اس سے عذاب دور کر دیا۔ اس قصہ کا مختصر پس منظر یہ ہے کہ یونس علیہ السلام نے جب دیکھا کہ ان کی تبلیغ و دعوت سے ان کی قوم متاثر نہیں ہو رہی تو انھوں نے اپنی قوم میں اعلان کر دیا کہ فلاں فلاں دن تم پر عذاب آجائے گا اور خود وہاں سے نکل گئے۔ جب عذاب بادل کی طرح ان پر اُمڈ آیا تو وہ بچوں، عورتوں حتیٰ کہ جانوروں سمیت ایک میدان میں جمع ہو گئے اور اللہ کی بارگاہ میں عاجزی و انکساری اور توبہ و استغفار شروع کر دیا۔ آنسوؤں کی جھڑیاں لگا کر اللہ سے فریاد کرنے لگے، اللہ کی رحمت جوش میں آئی۔ ان کی توبہ قبول فرما کر ان سے عذاب ٹال دیا۔ عذاب ٹلنے کی وجوہ: اس قوم سے امتیازی سلوک کی دو وجوہ ہو سکتی ہیں۔ ۱۔ یونس علیہ السلام امرالٰہی کے بغیر انھیں چھوڑ کر چلے گئے تھے اور ابھی ان پر اتمام حجت کا وقت پورا نہیں ہوا تھا۔ دوسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ جس انداز سے ان لوگوں نے اللہ کے حضور اپنے گناہوں سے توبہ کی اس طرح پہلے کسی قوم نے نہ کی تھی۔ (واللّٰہ اعلم بالصواب)