سورة التوبہ - آیت 111

إِنَّ اللَّهَ اشْتَرَىٰ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ أَنفُسَهُمْ وَأَمْوَالَهُم بِأَنَّ لَهُمُ الْجَنَّةَ ۚ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَيَقْتُلُونَ وَيُقْتَلُونَ ۖ وَعْدًا عَلَيْهِ حَقًّا فِي التَّوْرَاةِ وَالْإِنجِيلِ وَالْقُرْآنِ ۚ وَمَنْ أَوْفَىٰ بِعَهْدِهِ مِنَ اللَّهِ ۚ فَاسْتَبْشِرُوا بِبَيْعِكُمُ الَّذِي بَايَعْتُم بِهِ ۚ وَذَٰلِكَ هُوَ الْفَوْزُ الْعَظِيمُ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

بے شک اللہ نے مومنوں سے ان کی جانیں اور ان کے اموال خرید لیے ہیں، اس کے بدلے کہ یقیناً ان کے لیے جنت ہے، وہ اللہ کے راستے میں لڑتے ہیں، پس قتل کرتے ہیں اور قتل کیے جاتے ہیں، یہ تورات اور انجیل اور قرآن میں اس کے ذمے پکا وعدہ ہے اور اللہ سے زیادہ اپنا وعدہ پورا کرنے والا کون ہے؟ تو اپنے اس سودے پر خوب خوش ہوجاؤ جو تم نے اس سے کیا ہے اور یہی بہت بڑی کامیابی ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

مجاہدین کے لیے انعامات: اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ مومن بندے جب راہ حق میں اپنے مال اور اپنی جانیں دیں تو اللہ تعالیٰ اس کے بدلے میں انھیں اپنے فضل و کرم اور لطف و رحمت سے جنت عطا فرمائے گا، بندہ اپنا مال و دولت اور جان جو در حقیقت اللہ ہی کی عطا کردہ نعمتیں ہیں اسکی راہ میں خرچ کرتا ہے تو مالک الملک خوش ہوکر اس پر اپنا فضل و کرم کرتا ہے ۔ سبحان اللہ۔ کتنی حقیر چیز پر کس قدر گراں اور قیمتی چیز پروردگار اپنے بندے کو دیتا ہے۔ اللہ کا وعدہ سچا ہے: چونکہ جنت نقد نہیں ملتی بلکہ اُدھار ہے جو مرنے کے بعد ہی ملے گی۔ لہٰذا اللہ نے تمام الہامی کتابوں میں بالخصوص تورات، انجیل اور قرآن میں اسکی توثیق بھی فرمادی۔ اور یہ بھی فرمادیا کہ اللہ سے بڑھ کر اپنے وعدے کو پورا کرنے والا اور کون ہوسکتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: جو شخص اللہ کی راہ میں جہاد کے لیے نکل کھڑا ہوتا ہے۔ رسولوں کی سچائی مان کر۔ پھر وہ فوت ہوجاتا ہے تو اللہ تعالیٰ اسے بہشت بریں لے جاتا ہے یا پورے پورے اجرا اور غنیمت کے ساتھ واپس لوٹاتا ہے۔ (بخاری: ۳۱۲۳) خوشیاں مناؤ: مطلب یہ کہ خوشی اُسی وقت منائی جاسکتی ہے جب مسلمانوں کو بھی یہ سودا منظو ہو۔ یعنی اللہ کی راہ میں جان و مال کی قربانی سے انھیں دریغ نہ ہو۔