سورة التوبہ - آیت 35

يَوْمَ يُحْمَىٰ عَلَيْهَا فِي نَارِ جَهَنَّمَ فَتُكْوَىٰ بِهَا جِبَاهُهُمْ وَجُنُوبُهُمْ وَظُهُورُهُمْ ۖ هَٰذَا مَا كَنَزْتُمْ لِأَنفُسِكُمْ فَذُوقُوا مَا كُنتُمْ تَكْنِزُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

جس دن اسے جہنم کی آگ میں تپایا جائے گا، پھر اس کے ساتھ ان کی پیشانیوں اور ان کے پہلوؤں اور ان کی پشتوں کو داغا جائے گا۔ یہ ہے جو تم نے اپنے لیے خزانہ بنایا تھا، سو چکھو جو تم خزانہ بنایا کرتے تھے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

زکوٰۃ ادا نہ کرنے کی وعید: اس آیت کی تفسیر اس حدیث سے ہوتی ہے۔ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جسے اللہ نے مال دیا اور اس نے زکوٰۃ نہ دی تو اس کا مال گنجے سانپ کی شکل میں اس کے پاس لایا جائے گا، جس کی پیشانی پر دو نقطے ہونگے قیامت کے دن اس کا طوق بنایا جائے گا پھر وہ اس کے دونوں جبڑوں کو کاٹے گا اور کہے گا ’’میں تیرا مال ہوں، میں تیرا خزانہ ہوں۔‘‘(بخاری: ۱۴۰۳) یعنی مال اللہ کی راہ میں خرچ نہ کرنے والے اور اسے بچا بچا کر رکھنے والے دردناک عذاب دیے جائیں گے۔