سورة الانفال - آیت 26

وَاذْكُرُوا إِذْ أَنتُمْ قَلِيلٌ مُّسْتَضْعَفُونَ فِي الْأَرْضِ تَخَافُونَ أَن يَتَخَطَّفَكُمُ النَّاسُ فَآوَاكُمْ وَأَيَّدَكُم بِنَصْرِهِ وَرَزَقَكُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور یاد کرو جب تم بہت تھوڑے تھے، زمین میں نہایت کمزور تھے، ڈرتے تھے کہ لوگ تمھیں اچک کرلے جائیں گے تو اس نے تمھیں جگہ دی اور اپنی مدد کے ساتھ تمھیں قوت بخشی اور تمھیں پاکیزہ چیزوں سے رزق دیا، تاکہ تم شکر کرو۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اہل ایمان پر اللہ کے احسانات : اس آیت میں مکی زندگی کے شد ائد و خطرات کا بیا ن اور اسکے بعد مدنی زندگی میں مسلمان جس آرام و راحت سے بفضل الٰہی ہمکنا ر ہوئے اس کا تذکرہ ہے ۔پروردگار مومنو ں کو اپنے احسانات یاد دلا رہا ہے، کہ ان کی گنتی بڑھا دی، کمزوری کو طاقت سے بدل دیا،ان کے خوف کو امن سے بدل دیا، انکی فقیری کو فراغت اور آسودگی سے بدل دیا،انھوں نے جیسے جیسے اللہ کے حکم کی بجا آوری کی، ویسے ویسے ہی ترقی پاتے گئے، مکہ میں مومن صحابہ چھپے پھرتے تھے بے قرار رہتے تھے،ہروقت دشمنوں کا خطرہ لگا رہتا تھا، مجوسی، یہودی،بت پرست سب ان کے خون کے پیا سے تھے اور ان کی یہ حالت تھی کہ تعداد میں انگلیوں پر گنے جاتے تھے اسکے بعد اللہ نے انھیں مدینے کی طرف ہجرت کا حکم دیا، وہاں اللہ تعالیٰ نے ان کے قدم جما دیے، مدینہ والوں کو ان کا پشت پناہ بنا دیا، انصار نے اپنے مال پانی کی طرح بہا دیے، بدر والے دن اپنی جانیں ہتھیلیوں پر رکھ کر ساتھ دیا ۔ قتادہ بن د عامہ سد وسی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ عرب کے لوگ سب سے زیادہ گرے ہوئے،سب سے زیادہ تنگ حال‘ سب سے زیادہ بھوکے ننگے، سب سے زیادہ گمراہ اور بے دین و بد مذہب تھے ۔جیتے تو ذلت کی حالت میں ‘مرتے تو جہنمی ہو کر، اللہ كی قسم! روئے زمین پر ان سے زیادہ گمراہ کوئی نہ تھے،یہ اسلام لائے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اطاعت گزار بنے تو اِدھر سے اُدھر تک ملکوں پر ان کا قبضہ ہوگیا، دنیا کی دولت ان کے قدموں میں تھی لوگوں کی گردنوں کے مالک اور دنیا کے بادشاہ بن گئے،یاد رکھو یہ سب اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم پر عمل کے نتائج تھے، پس تم اپنے پروردگا رکے شکر میں لگے رہو اللہ شکر کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔(تفسیر طبری: ۱۳/۴۷۸)