سورة الاعراف - آیت 171

وَإِذْ نَتَقْنَا الْجَبَلَ فَوْقَهُمْ كَأَنَّهُ ظُلَّةٌ وَظَنُّوا أَنَّهُ وَاقِعٌ بِهِمْ خُذُوا مَا آتَيْنَاكُم بِقُوَّةٍ وَاذْكُرُوا مَا فِيهِ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور جب ہم نے پہاڑ کو ہلا کر ان کے اوپر اٹھایا، جیسے وہ ایک سائبان ہو اور انھوں نے یقین کرلیا کہ بے شک وہ ان پر گرنے والا ہے۔ جو کچھ ہم نے تمھیں دیا ہے اسے قوت کے ساتھ پکڑو اور جو کچھ اس میں ہے اسے یاد کرو، تاکہ تم بچ جاؤ۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ اسوقت کا واقعہ ہے جب حضرت موسیٰ علیہ السلام تورات لائے اوراس کے احکام ان کو سنائے تو انھوں نے پھر حسب عادت ان پر عمل کرنے سے اعراض و انکار کیا، جس پر اللہ تعالیٰ نے پہاڑ کو اُٹھا کر ان کے سروں پر معلق کردیا کہ تم پر گرا کر تمہیں کُچل دیا جائے گا،اسی وقت یہ سب کے سب ما رے ڈرکے سجدے میں گِر پڑئے، لیکن بائیں آنکھ سجدے میں تھی اور دائیں آنکھ سے اوپر دیکھ رہے تھے کہ کہیں پہاڑ گر نہ پڑے، چنانچہ یہودیوں میں اب تک سجدے کا طریقہ یہی ہے، جب حضرت موسیٰ علیہ السلام نے تختیوں کو کھولا تو ان میں کتاب تھی جسے خود اللہ تعالیٰ نے اپنے ہاتھوں سے لکھا تھا، اسی وقت تما م پہاڑ درخت، پتھر سب کانپ اُٹھے، آج بھی تلاوت تورات کے وقت یہودی کانپ اُٹھتے ہیں اور ان کے سر جھک جا تے ہیں۔ کتاب کے احکام: احکام کو مضبوطی سے تھام لو، اس کو یاد رکھو، اوراللہ سے تعلق قاتم کرؤ، تاکہ تم متقی بن جاؤ اور آخرت کا اجر پا سکو۔