سورة الاعراف - آیت 2
كِتَابٌ أُنزِلَ إِلَيْكَ فَلَا يَكُن فِي صَدْرِكَ حَرَجٌ مِّنْهُ لِتُنذِرَ بِهِ وَذِكْرَىٰ لِلْمُؤْمِنِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
ایک کتاب ہے جو تیری طرف نازل کی گئی ہے، تو تیرے سینے میں اس سے کوئی تنگی نہ ہو، تاکہ تو اس کے ساتھ ڈرائے اور ایمان والوں کے لیے سراسر نصیحت ہے۔
تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
(١) ہدایت وحی کا مقصد تذکیر اور تنذیر ہے، تذکیر یعنی پند و موعظت کے ذریعہ بیدار کرنا، تنذیر یعنی انکار و بدعملی کے نتائج سے خبردار کرنا۔ پیروان دعوت کو موعظت کہ دعوت حق کا معاملہ بڑے ہی عزم و ثبات اور صبر و استقلال کا معاملہ ہے اور خواہ کتنی ہی مشکلیں پیش آئیں لیکن بالآخر حق کی فتح مندی اٹل ہے۔ پس چاہیے کہ مشکلات کار سے دل تنگ و افسردہ خاطر نہ ہوں۔ مشرکین عرب کو تنذیر۔