سورة النور - آیت 53

وَأَقْسَمُوا بِاللَّهِ جَهْدَ أَيْمَانِهِمْ لَئِنْ أَمَرْتَهُمْ لَيَخْرُجُنَّ ۖ قُل لَّا تُقْسِمُوا ۖ طَاعَةٌ مَّعْرُوفَةٌ ۚ إِنَّ اللَّهَ خَبِيرٌ بِمَا تَعْمَلُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور انھوں نے اللہ کی قسمیں کھائیں، اپنی پختہ قسمیں کہ اگر واقعی تو انھیں حکم دے تو وہ ہر صورت ضرور نکلیں گے، تو کہہ قسمیں نہ کھاؤ، جانی پہچانی ہوئی اطاعت (ہی کافی ہے)۔ بے شک اللہ اس سے خوب واقف ہے جو تم کرتے ہو۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٣٩)۔ طاعۃ معروفہ۔ میں اگر، طاعۃ، کو مبتدا محذوف کی خبر قرار دیا جائے تو یہ مطلب بھی ہوسکتا ہے کہ ان لوگوں کی اطاعت جس پر یہ قسمیں کھارہے ہیں مشہور ومعلوم ہے یعنی منافقانہ طاعت ہے لیکن ہم نے طاعت کو مبتدا قرار دیا ہے اور اس کی خبر مقدر ٹھہرائی ہے، ای طاعۃ معروفہ اولی بکم من ایمانکم۔ کیونکہ یہ اس محل میں زیادہ موزوں معلوم ہوتا ہے۔ (٤٠)۔ سچے آدمی کی سب سے بڑی پہچان یہ ہے کہ وہ کبھی قسمیں کھاکھاکر اپنی سچائی کا یقین نہیں دلائے گا، وہ سیدھے سادھے طریقے پرایک بات کہہ دے گا اور سمجھے گا میں نے جو کچھ کہا ہے سچ ہے اور ضروری ہے کہ ہر آدمی اسے سچ ہی سمجھے۔ بکیش صدق وصفا حرف عہد بے کاراست۔ نگاہ اہل محبت تمام سوگند است۔ لیکن جس کے دل میں چور ہوگا وہ بات بات پر قسمیں کھائے گا اور دس دس مرتبہ اپنی سچائی کا یقین دلائے گا کیونکہ وہ جانتا ہے جو کچھ کہہ رہاں ہو سچ نہیں، اور کوئی وجہ نہیں کہ سننے والا بھی اسے سچ سمجھے۔ آیت ٥٣ میں منافقین کی اسی روش کا ذکر کیا ہے فرمایا، وہ قسمیں کھاکھاکر اپنی اطاعت وانقیاد کا یقین دلاتے ہیں حالانکہ ان کا عمل انہیں صاف جھٹلا رہا ہے ان سے کہہ دو، قسموں سے کچھ نہیں بنتا، اصل شے جو مطلوب ہے وہ عمل ہے۔ آگے چل کر سورۃ نون میں تمہیں بدکردار آدمیوں کاسب سے پہلا نمایاں وصف یہی ملے گا کہ وہ حلاف، ہوتے ہیں یعنی بہت قسمیں کھانے والے۔