يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِن كُنتُمْ فِي رَيْبٍ مِّنَ الْبَعْثِ فَإِنَّا خَلَقْنَاكُم مِّن تُرَابٍ ثُمَّ مِن نُّطْفَةٍ ثُمَّ مِنْ عَلَقَةٍ ثُمَّ مِن مُّضْغَةٍ مُّخَلَّقَةٍ وَغَيْرِ مُخَلَّقَةٍ لِّنُبَيِّنَ لَكُمْ ۚ وَنُقِرُّ فِي الْأَرْحَامِ مَا نَشَاءُ إِلَىٰ أَجَلٍ مُّسَمًّى ثُمَّ نُخْرِجُكُمْ طِفْلًا ثُمَّ لِتَبْلُغُوا أَشُدَّكُمْ ۖ وَمِنكُم مَّن يُتَوَفَّىٰ وَمِنكُم مَّن يُرَدُّ إِلَىٰ أَرْذَلِ الْعُمُرِ لِكَيْلَا يَعْلَمَ مِن بَعْدِ عِلْمٍ شَيْئًا ۚ وَتَرَى الْأَرْضَ هَامِدَةً فَإِذَا أَنزَلْنَا عَلَيْهَا الْمَاءَ اهْتَزَّتْ وَرَبَتْ وَأَنبَتَتْ مِن كُلِّ زَوْجٍ بَهِيجٍ
اے لوگو! اگر تم اٹھائے جانے کے بارے میں کسی شک میں ہو تو بے شک ہم نے تمھیں حقیر مٹی سے پیدا کیا، پھر ایک قطرے سے، پھر کچھ جمے ہوئے خون سے، پھر گوشت کی ایک بوٹی سے، جس کی پوری شکل بنائی ہوئی ہے اور جس کی پوری شکل نہیں بنائی ہوئی، تاکہ ہم تمھارے لیے واضح کریں اور ہم جسے چاہتے ہیں ایک مقررہ مدت تک رحموں میں ٹھہرائے رکھتے ہیں، پھر ہم تمھیں ایک بچے کی صورت میں نکالتے ہیں، پھر تاکہ تم اپنی جوانی کو پہنچو اور تم میں سے کوئی وہ ہے جو قبض کرلیا جاتا ہے اور تم میں سے کوئی وہ ہے جو سب سے نکمی عمر کی طرف لوٹایا جاتا ہے، تاکہ وہ جاننے کے بعد کچھ نہ جانے۔ اور تو زمین کو مردہ پڑی ہوئی دیکھتا ہے، پھر جب ہم اس پر پانی اتارتے ہیں تو وہ لہلہاتی ہے اور ابھرتی ہے اور ہر خوبصورت قسم میں سے اگاتی ہے۔
پیدائش سے پہلے جنین پر جو مختلف حالتیں طاری ہوتی ہیں ان کی طرف یہاں اشارہ کیا ہے : نطفہ : لغت میں پانی کے ایک قطرے کو کہتے ہیں، چونکہ جنین کی تکوین کی ابتدائی مادہ پانی کے چند قطروں کی طرح ہوتا ہے اس لیے اسے نطفہ کہنے لگے۔ علقۃ: جمے ہوئے خون کے لوتھڑے کو بھی کہتے ہیں اور جونک کو بھی۔ مضغۃ: کے معنی ہیں گوشت کا ایک ٹکڑا۔ مخلقۃ: یعنی اس ٹکڑے میں شکل و صورت کی شان کا پیدا ہوجانا۔ غیر مخلقۃ: بگڑ کے رہ جانا اور متشکل نہ ہونا۔ پیدائش کے بعد کی تین حالتیں بیان کی ہیں : طفولیت، رشد و عقل، ارذل العمر، یعنی بڑھاپا۔ بڑھاپے کو عربی میں زرزل العمر کہتے ہیں کیونکہ اس عمر میں تمام قوتیں جواب دے دیتی ہیں اور طاقت کے بعد پھر کمزوری و بے حسی کا عہد طاری ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد اس کی تعلیل واضح کردی کہ یہ رشد و عقعل کے بعد پھر طفولیت کی نادانی و بے عقلی کی طرف لوٹ جانا ہے، گویا انسان کی عمر طفولیت کی نادانی سے شروع ہوتی ہے اور بتدریج بڑھتے بڑھتے رشد و عقل کے بلوغ و کمال تک پہنچ جاتی ہے۔ اس کمال کے بعد پھر زوال شروع ہوجاتا ہے اور جس حالت سے عمر چلی تھی اسی کی طرف لوٹ آتی ہے۔ قرآن نے جابجا انسان کی ایک ذہنی حالت کو جدال فی اللہ بغیر علم سے تعبیر کیا ہے، تشریح اس کی آخری نوٹ میں ملے گی۔ قرآن نے ہر جگہ یہ حقیقت واضح کی ہے کہ ایمان امیدا اور یقین ہے اور کفر شک اور مایوسی ہے اور وہ بار بار اس بات پر زور دیتا ہے کہ مایوس نہ ہو۔ امید کا چراغ روشن رکھو، ہر حال میں امیدوار فضل و سعادت رہو، یہی مقتضائے ایمان ہے، یہی سرچشمہ زندگی ہے، اسی سے تمام دنیوی اور اخروی کامرانیوں کی دولت حاصل ہوسکتی ہے۔ اگر مایوس ہوگئے، اگر مایوسی پرچھائیں بھی دل پر پڑنے دی تو پھر یہ زندگی کا خاتمہ ہوگا، دنیا کی نامرادی ہوگی، عاقبت کا خسران ہوگا، وہ کہتا ہے زندگی امید ہے اور موت مایوسی ہے، جونہی تم نے امید کی شمع جلائی زندگی و سعادت کے دائرہ میں آگئے۔ جونہی یہ شمع بجھی موت اور نامرادی کی ظلمت میں گر گئے۔ غور کرو قرآن جو کچھ کہتا ہے کیا اس کے علاوہ بھی کچھ اس بارے میں کہا جاسکتا ہے ؟ کیا انسانی زندگی کی ساری کامرانیوں اور فتح مندیوں کی اصل و اساس امید ہی نہیں ہے ؟ اور کیا ناامیدی سے بڑھ کر کوئی موت کا سرچشمہ ہوسکتا ہے ؟