سورة الأنبياء - آیت 1
اقْتَرَبَ لِلنَّاسِ حِسَابُهُمْ وَهُمْ فِي غَفْلَةٍ مُّعْرِضُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
لوگوں کے لیے ان کا حساب بہت قریب آگیا اور وہ بڑی غفلت میں منہ موڑنے والے ہیں۔
تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
یہ سورت بھی ان سورتوں میں سے ہے جو مکی عہد کے اواخر میں نازل ہوئی ہیں۔ یہ بالاتفاق سورۃ ابراہیم کے بعد اور مومنون سے پہلے اتری۔ سورت کی ابتدا، اس کا وسط، اس کا خاتمہ سب اعلان کر رہے ہیں کہ محاسبہ کا وقت قریب آگیا اور ضروری ہے کہ فیصلن کن معاملہ ظہور میں آجائےْ چنانچہ وقت فی الحقیقت قریب آگیا تھا، تھوڑے ہی عرصہ کے بعد ہجرت مدینہ کا واقعہ ظہور میں آیا اور دعوت حق کے فتح و اقبال اور معاندین حق کے خسران و ادبار کا دور شروع ہوگیا۔