سورة طه - آیت 16
فَلَا يَصُدَّنَّكَ عَنْهَا مَن لَّا يُؤْمِنُ بِهَا وَاتَّبَعَ هَوَاهُ فَتَرْدَىٰ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
سو تجھے اس سے وہ شخص کہیں روک نہ دے جو اس پر یقین نہیں رکھتا اور اپنی خواہش کے پیچھے لگا ہوا ہے، پس تو ہلاک ہوجائے گا۔
تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
مصر کی غلامی نے بنی اسرائیل کے اخلاق و عواطف بالکل پژمردہ کردیے تھے، عزم وہمت کا کوئی ولولہ ان میں باقی نہیں رہا تھا۔ جب حضرت موسیٰ نے فتح و اقبال کے آنے والے وقت کی بشارت سنائی تو اکثروں کو یقین نہیں آیا۔ چونکہ یہ بات علم الہی میں تھی اس لیے یہاں آیت (١٦) میں پہلے سے خبردار کردیا کہ کہیں ایسا نہ ہو ایسے لوگوں کی محرومیاں تمہیں بھی اقدام عمل سے روک دیں۔