سورة الرعد - آیت 40

وَإِن مَّا نُرِيَنَّكَ بَعْضَ الَّذِي نَعِدُهُمْ أَوْ نَتَوَفَّيَنَّكَ فَإِنَّمَا عَلَيْكَ الْبَلَاغُ وَعَلَيْنَا الْحِسَابُ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور اگر کبھی ہم واقعی تجھے اس کا کچھ حصہ دکھا دیں جس کا ہم ان سے وعدہ کرتے ہیں، یا واقعی تجھے اٹھا لیں تو تیرے ذمے صرف پہنچا دینا ہے اور ہمارے ذمے حساب لینا ہے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

آیت (٤٠) سے آخر سورت تک سورت کے تمام مواعظ کا خلاصہ ہے۔ فرمایا تمہارے ذمہ جو کچھ ہے وہ تو یہ ہے کہ پیام حق پہنچا دو۔ محاسبہ اللہ کا کام ہے اور وہ حساب لے کر رہے گا۔ ہوسکتا ہے کہ جن جن باتوں کا وعدہ کیا گیا ہے تمہاری زندگی ہی میں ظاہر ہوجائیں۔ ہوسکتا ہے کہ تمہارے بعد ظہور میں آئیں۔ یہ بات کہ ان نتائج و عواقب کا ظہور تمہارے سامنے نہ ہوا۔ مواعید الہی کی صداقت پر کچھ اثر نہیں ڈال سکتی۔ یہ بات مختلف سورتوں میں بار بار کہی گئی ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ اس سے مقصود صرف یہی نہیں تھا کہ مستقبل کی خبر دے دی جائے بلکہ یہ حقیقت بھی واضح کرنی تھی کہ کوئی شخصیت کتنی ہی اہم ہو لیکن پھر شخصیت ہے اور کاروبار حق کا معاملہ اس کی موجودگی و عدم موجودگی پر موقوف نہیں، جو کچھ ہونا چاہیے اور جو کچھ ہونے والا ہے بہرحال ہو کر رہے گا۔ خواہ پیغمبر اپنی زندگی میں اس کا ظہور دیکھ لے یا نہ دیکھ سکے۔ پھر غور کرو، نتائج کا ظہور بھی ٹھیک ٹھیک اسی طرح ہوا۔ جن باتوں کی خبر دی گئی تھی ان کا بڑا حصہ تو خود پیغمبر اسلام کی زندگی ہی میں ظاہر ہوگیا یعنی انہوں نے دنیا چھوڑنے سے پہلے تمام جزیرہ عرب کو حلقہ بگوش اسلام پایا۔ البتہ بعض باتوں کا ظہور آپ کے بعد ہوا۔ مثلا منافقوں کا استیصال، بیرونی فتوحات کا حصول اور خلافت ارضی کے وعدہ کی تکمیل۔