سورة ھود - آیت 84

وَإِلَىٰ مَدْيَنَ أَخَاهُمْ شُعَيْبًا ۚ قَالَ يَا قَوْمِ اعْبُدُوا اللَّهَ مَا لَكُم مِّنْ إِلَٰهٍ غَيْرُهُ ۖ وَلَا تَنقُصُوا الْمِكْيَالَ وَالْمِيزَانَ ۚ إِنِّي أَرَاكُم بِخَيْرٍ وَإِنِّي أَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ يَوْمٍ مُّحِيطٍ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور مدین کی طرف ان کے بھائی شعیب کو (بھیجا)۔ اس نے کہا اے میری قوم! اللہ کی عبادت کرو، اس کے سوا تمھارا کوئی معبود نہیں اور ماپ اور تول کم نہ کرو، بے شک میں تمھیں اچھی حالت میں دیکھتا ہوں اور بے شک میں تم پر ایک گھیر لینے والے دن کے عذاب سے ڈرتاہوں۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

قبیلہ مدین میں حضرت شعیب کی دعوت کا ظہور ہوا۔ تورات میں ہے کہ قطورا کے بطن سے حضرت ابراہیم کے چھ لڑکے ہوئے جن میں سے ایک کا نام مدیان تھا (پیدائش : ١: ٢٥) یہی مدیان عربی میں مدین ہوگیا۔ اس کی اولاد بحر قلزم کے کنارے آباد ہوگئی تھی۔ جن میں حضرت شعیب کا ظہور ہوا۔ بنی اسرائیل انہیں بنی قطورہ کہتے تھے۔ حضرت شعیب نے کہا اللہ کی بندگی کرو، اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں۔ ناپ تول میں خیانت نہ کرو، نہ تو حق سے زیادہ لو، نہ حق سے کم دو، ملک میں شر و فساد پھیلاتے نہ پھرو یعنی لوٹ مار نہ کرو۔ میں دیکھتا ہوں کہ تم خوشحال ہو لیکن میں ڈرتا ہوں کہ عذاب میں گرفتار نہ ہوجاؤ۔ لوگوں نے کہا تم اپنے خدا کی جتنی عبادت کرنی چاہو شوق سے کرو، لیکن کیا تمہاری نمازیں یہ بھی کہتی ہیں کہ دوسروں کو ان کی راہ سے ہٹاؤ؟ اور اس راہ سے ہٹاؤ جس پر ان کے باپ دادا چلتے آئے ہیں؟ ہم اپنے مال کے مالک مختار ہیں۔ جس طرح چاہیں خریدیں۔ تم اپنے ناپ تول کی باتیں رہنے دو، معلوم ہوتا ہے ساری دنیا میں صرف تم ہی ایک نیک اور خوش معاملہ آدمی رہ گئے ہو۔