سورة التوبہ - آیت 106
وَآخَرُونَ مُرْجَوْنَ لِأَمْرِ اللَّهِ إِمَّا يُعَذِّبُهُمْ وَإِمَّا يَتُوبُ عَلَيْهِمْ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور کچھ دوسرے ہیں جو اللہ کے حکم کے لیے مؤخر رکھے گئے ہیں، یا تو وہ انھیں عذاب دے اور یا پھر ان پر مہربان ہوجائے۔ اور اللہ سب کچھ جاننے والا، کمال حکمت والا ہے۔
تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
آیت (١٠٦) میں فرمایا کچھ اور لوگ ہیں جو خدا کے فیصلہ کا ابھی انتظار کر رہے ہیں یعنی ان کی توبہ کی قبولیت و عدم قبولیت کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ یہ کل تین آدمی تھے، مرارہ بن الربیع، کعب بن مالک، ہلال بن امیہ۔ انہوں نے واپسی کر کوئی معذرت نہیں کی اور کہا سچی بات یہ ہے کہ کوئی عذر نہ تھا۔ محض کاہلی اور سستی تھی جس نے نکلنے نہیں دیا۔ اس پر آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا اللہ کے حکم کا انتظار کرو، چنانچہ آگے چل کر آیت (١١٧) میں ان کا حکم ملے گا۔