وَبَيْنَهُمَا حِجَابٌ ۚ وَعَلَى الْأَعْرَافِ رِجَالٌ يَعْرِفُونَ كُلًّا بِسِيمَاهُمْ ۚ وَنَادَوْا أَصْحَابَ الْجَنَّةِ أَن سَلَامٌ عَلَيْكُمْ ۚ لَمْ يَدْخُلُوهَا وَهُمْ يَطْمَعُونَ
اور ان دونوں کے درمیان ایک آڑ ہوگی اور (اس کی) بلندیوں پر کچھ مرد ہوں گے، جو سب کو ان کی نشانی سے پہچانیں گے اور وہ جنت والوں کو آواز دیں گے کہ تم پر سلام ہے۔ وہ اس میں داخل نہ ہوئے ہوں گے اور وہ طمع رکھتے ہوں گے۔
(١) دو مقام ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہوں اور انہیں الگ الگ کردینا ہو تو درمیان میں دیوار کھڑی کردیتے ہیں۔ فرمایا جنت اور دوزخ کی تقسیم بھی ایسی ہی سمجھو۔ ایک دیوار ہے جس نے ایک کو دوسرے سے الگ کردیا ہے۔ ایک قدم ادھر رہ گئے تو دوزخ ہے، آگے بڑھ گئے تو جنت ہے۔ چنانچہ سورۃ حدید میں ہے۔ جنتیوں اور دوزخیوں کے درمیان ایک دیوار ہے جس میں دروازہ ہے۔ اندر جاؤ تو رحمت ہے، باہر رہو تو عذاب۔ اسی دیوار کو یہاں اعراف سے تعبیر کیا ہے، اعراف کا اطلاق ہر ایسی چیز پر ہوتا ہے جو زمین سے بلند ہو، فرمایا جنت و دوزخ کے لیے بھی ایک اعراف ہے جہاں سے دونوں طرف دیکھا جاسکتا ہے۔ اگر حقیقت کے رمز شناس ہو تو حق پالو گے کہ زندگی کے ہر گوشہ میں جنت و دوزخ کی تقسیم کا یہی حال ہے۔ دونوں کی سرحدیں اس طرح ملی ہوئی ہیں کہ ایک قدم پیچھے رہ گئے اور جنت کی جگہ دوزخ میں پڑگئے، بسا اوقات ایک قدم کی تیزی یا کوتاہی جنت سے دوزخ میں یا دوزخ سے جنت میں پہنچا دیتی ہے۔ یک لمحہ غافل بودم و صد سالہ را ہم دو رشد !!!