عَيْنًا يَشْرَبُ بِهَا الْمُقَرَّبُونَ
جو ایک چشمہ ہے، جس سے مقرب لوگ پییں گے۔
ف 1: پاکبازوں کا نامہ اعمال مقام علو ورفعت میں ہوگا ۔ جس کو فرشتے بھی عزت اور فخر کی نظر سے دیکھتے ہیں ۔ ان کا ٹھکانہ جنت ہے ۔ جہاں ان کو ہر نعمت سے نوازا جائے گا ۔ جہاں یہ مسہریوں پر بیٹھے خدا کی نعمتوں اور بخششوں کا نظارہ کریں گے ۔ تم ان کو دیکھو گے کہ چہروں سے تکلف اور تنعم کے اثرات نمایاں ہیں ۔ ان کو وہاں ہر نوع کے کھانے پینے کی آزادی میسر ہوگی ۔ حتیٰ کہ شراب بھی ملے گی جو سربمہر ہوگی اور آخر میں جو مزا ہوگا ، مشک سا ہوگا ۔ خوشبودار اور معطر ۔ یہ وہ کیفیت اور زندگی ہے جس میں تنافس اور تفاخر کی ضرورت ہے ۔ دنیا کی ذلیل چیزوں کے لئے ایمان اور دیانت کو قربان کردینا انتہا درجہ کی بےعقلی ہے *۔ حل لغات :۔ نضرۃ النعیم ۔ نازونعمت کی زندگی کی شگفتگی ۔ آسائش کی بشاست * رحیق ۔ خالص شراب وصافی یا بہتر وخوشبوتر * ختمہ مسک ۔ آخری گھونٹ مشک کی خوش بولئے ہونگے یا مہر مشک کی ہوگی ۔ دونوں معنی مراد ہیں *۔