سورة الحجرات - آیت 0

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اللہ کے نام سے جو بے حد رحم والا، نہایت مہربان ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

سورۃ الحجرات (ف 2) اس سورت میں ان آداب اور عواید دینیہ کا ذکر ہے جو مسلمانوں کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لئے ضروری ہیں ۔ اور جن پر عمل پیرا ہونا گویا دین اور دنیا کی سعادتوں سے بہرہ مندی حاصل کرنا ہے ۔ فرمایا سب سے پہلے تو اللہ اور اس کے رسول (ﷺ) کی عزت اور حرمت دلوں میں موجود ہونی چاہیے ۔ اور وہ اس حد تک ہوکہ ان کے ارشادات کو اپنے لئے کافی وشافی قرار دیا جائے ۔ یعنی عقیدہ یہ ہو کہ جو کچھ حضور (ﷺ) نے فرمایا وہی بہتر ہے اور وہی اجروثواب کا موجب ہے ۔ اور جن چیزوں کو چھوڑ دیا ہے ان میں قطعاً خیروبرکت نہیں ہے ۔ یعنی یہ کوشش نہ کی جائے کہ ہم شرع کی باتوں میں حضور (ﷺ) سے بھی آگے نکل جائیں ۔ اور اپنے لئے ان اعمال وافعال کو لازمی سمجھ لیں جن کا سنت میں کوئی ذکر ہی نہیں ۔ کیونکہ جب یہ طے ہے کہ اللہ کا علم بہرآئینہ کامل ہے اور تمام مصالح پر اس کی نظر ہے تو پھر یہ کہنا کہ گو اس بات کا ثبوت حضور سے نہیں ملتا مگر یہ فعل بجائے خود مستحسن اور موجب ثواب ہے محض غلط ہے ۔ اگر اس میں خیروسعادت کا کوئی پہلو بھی ہوتا تو حضور (ﷺ) اس کو نظر انداز نہ فرماتے اور ضرور اس کا ذکر کرتے ۔ آیت کا منشاء یہ ہے کہ اس نوع کے جدیدافعال کا ارتکاب مذہب کے نام پر اور مذہبی شکل وصورت میں حرمت نبوی کے منافی ہے ۔ اور اس بات کے مترادف ہے کہ آپ پیغمبر کو اپنے لئے کامل اور جامع اسوہ نہیں سمجھتے ۔ آداب دربار نبوت میں سے دوسری چیز یہ ہے کہ مخاطبین جب حضور (ﷺ) سے شرف تخاطب حاصل کریں تو آواز میں عاجزی ، محبت اور عقیدت کا اظہار ہونا چاہیے چیخ چیخ کر باتیں کرنا اور بلند آواز سے سامعہ پیغمبر کو اذیت پہنچانا درست نہیں ۔ کیونکہ اس طرح دلوں میں گستاخی کے جذبات پیدا ہوجاتے ہیں ۔ اور قلب سیاہ ہوجاتا ہے ۔ فرمایا ایسا نہ ہو کہ تم اپنے اعمال ضائع کرو ۔ اور تمکو معلوم بھی نہ ہو کہ کیوں تم اجروثواب سے محروم قرار دیدیئے گئے ۔ یاد رکھو ادب واحترام ایمان کا جزو ہے اور وہ لوگ جو اس سے محروم ہیں ایمان کی حلاوت سے محروم ہیں ۔ اب جبکہ حضور (ﷺ) تخاطب کے لئے ہم میں موجود نہیں اس حکم کا منشا یہ ہوگا کہ ان کی آواز اور ان کا پیغام سنت میں موجود ہے اور وہ شخص سخت ناہنجار اور بےادب ہے جو اپنی رائے کو اس آواز سے یعنی صوت رسول سے زیادہ اہم اور لائق احترام سمجھتا ہے ۔ بے ادب محروم مانداز فضل رب مسلمان کا شیوہ یہ ہے کہ جس طرح وہ حضور (ﷺ) کی زندگی میں مکلف تھا کہ اپنی آواز کو رسول کی آواز کے مقابلہ میں پست رکھے اسی طرح آج بھی آپ کے پیغام کے سامنے اور آپ کی سنت کے سامنے لب کشائی نہ کرے ۔ اور اپنے فہم وادراک سے اس میں دخل نہ دے ۔ بلکہ یہ سمجھے کہ بہرحال میرے لئے ساری کائنات کے لئے آپ ہی کے اسوہ میں برکت وسعادت ہے ۔