سورة الزخرف - آیت 72
وَتِلْكَ الْجَنَّةُ الَّتِي أُورِثْتُمُوهَا بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور یہی وہ جنت ہے جس کے تم وارث بنائے گئے ہو، اس کی وجہ سے جو تم عمل کرتے تھے۔
تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی
(ف 1) جنت کے معنی اللہ کے مقام رضا کے ہیں ۔ اور جب وہ خوش ہوجائے جو آسمانوں اور زمینوں کا رب اور مالک ہے جس کے خزانے بےشمار معمور ہیں جو بمجرد اپنے ارادے کے ہزار در ہزار عوالم پیدا کرسکتا ہے ۔ تو پھر خوشیوں اور مسرتوں کا احاطہ کیونکر کیا جاسکتا ہے ۔ یہ کھانے پینے کی چیزیں محض اس لئے ہیں کہ وہاں کی زندگی کا کچھ اندازاہ کرسکو ۔ ورنہ یہ ظاہر ہے کہ وہاں وہ بوقلمون نعمتیں ہیں کہ جن کو دنیا کی زبانوں میں ادا نہیں کیا جاسکتا ۔ اور وہ مسرتیں ہیں جن کی تعبیر کے لئے الفاظ میسر نہیں ۔ بس یوں سمجھ لیجئے اس وقت وہ خوش ہوگا جو ساری کائنات کا پروردگار ہے۔