سورة الزخرف - آیت 70

ادْخُلُوا الْجَنَّةَ أَنتُمْ وَأَزْوَاجُكُمْ تُحْبَرُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

جنت میں داخل ہوجاؤ تم اور تمھاری بیویاں، تم خوش کیے جاؤ گے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

جنت اسلامی نقطہ نگاہ سے (ف 1) اسلامی نقطہ نگاہ سے جنت کا مفہوم یہ ہے کہ وہ زندگی کا کامل اور جامع ترین مفہوم ہے ۔ جہاں نفس کی تمام خواہشات کی تکمیل ہوتی ہے جہاں وہ سب کچھ مہیا ہے جس کے حصول کے لئے انسان دنیا میں تگ ودو کرتا ہے جہاں غم واندوہ اور احتیاج نہیں ہوتی ہے ۔ جہاں مسرت واجتہاج کے سوتے پھوٹتے ہیں ۔ اور تسکین وطمانیت کی نہریں رواں ہیں ۔ جہاں مادہ اپنی پوری زیبائش کے ساتھ موجود ہے ۔ اور روح اپنی ساری آرائش کے ساتھ جلوہ گر ۔ جہاں انسان باہم دشمن نہیں ہوتے ۔ جہاں پورا امن وسکون ہوتا ہے ۔ اور اللہ کا قرب اور اس کی حضوری میسر ہوتی ہے ۔ جہاں ہر لمحہ اور ہر آن اس کے جلوہ ہائے گوناگوں نظر اور فکر کو نزہت بخشتے ہیں ۔ اور جہاں انسان کو ظاہر وباطن کے لحاظ سے شادابیاں عطا ہوتی ہیں ۔