يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَتَّخِذُوا بِطَانَةً مِّن دُونِكُمْ لَا يَأْلُونَكُمْ خَبَالًا وَدُّوا مَا عَنِتُّمْ قَدْ بَدَتِ الْبَغْضَاءُ مِنْ أَفْوَاهِهِمْ وَمَا تُخْفِي صُدُورُهُمْ أَكْبَرُ ۚ قَدْ بَيَّنَّا لَكُمُ الْآيَاتِ ۖ إِن كُنتُمْ تَعْقِلُونَ
اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اپنے سوا کسی کو دلی دوست نہ بناؤ، وہ تمھیں کسی طرح نقصان پہنچانے میں کمی نہیں کرتے، وہ ہر ایسی چیز کو پسند کرتے ہیں جس سے تم مصیبت میں پڑو۔ ان کی شدید دشمنی تو ان کے مونہوں سے ظاہر ہوچکی ہے اور جو کچھ ان کے سینے چھپا رہے ہیں وہ زیادہ بڑا ہے۔ بے شک ہم نے تمھارے لیے آیات کھول کر بیان کردی ہیں، اگر تم سمجھتے ہو۔
نفاق سے دوستی : (ف ٢) (آیت) ” بطانۃ “ کے معنی رابطہ قلبی کے ہیں (آیت) ” من دونکم کا مطلب یہ ہے کہ اسلامی مفاد کو ٹھکرا کر ایسے تعلقات کفر کے ساتھ وابستہ رکھے جائیں ، اس لئے ظاہر ہے کہ آیت کا مقصد عام معاشی ومجلسی تعلقات سے روکنا نہیں ، بلکہ یہ ہے کہ کفر پر کلی اعتماد نہ کیا جائے اور کبھی غیر مسلموں کو اپنا سچا خیر خواہ نہ سمجھا جائے ، یہ بہترین سیاسی سبق ہے جو مسلمانوں کو دیا گیا ہے اور اس کی وجوہ یہ بیان فرمائیں کہ (آیت) ” لا یالونکم خبالا “۔ تم کو نقصان پہنچانے میں انہوں نے کبھی کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ، تم چاہے کتنا ہی اخلاص کا ثبوت دو ‘ وہ تمہارے ساتھ دھوکے ہی سے پیش آئیں گے ، (آیت) ” ودواماعنتم “ یہ ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں کہ تمہیں مصائب میں مبتلا رکھا جائے ، (آیت) ” قد بدت البغضآء من افواھہم “۔ دشمنی کی باتیں باوجود اخفا کے ان کے منہ سے نکل جاتی ہیں (آیت) ” وما تخفی صدورھم اکبر “ اور ان کے دلوں میں اس سے زیادہ بغض وعناد بھرا ہے جتنا کہ ظاہر ہوتا ہے ، باوجود اس کے (آیت) ” اولآء تحبونھم “ تم ان سے محبت کرتے ہو ، وہ بظاہر گو نہایت مخلص نظر آتے ہیں ، مگر بباطن تم پر دانت پیستے ہیں اور خوشی سے پھولے نہیں سماتے اور اگر تم کامیابی ومسرت سے دو چار ہوجاؤ تو جلتے ہیں اور غیظ وغضب میں بھر جاتے ہیں ۔ کہئے ان حالات کے بعد بھی ان سے تعلقات رکھے جائیں ؟ آج بھی کفر کی ہی حالت ہے مسلمان کی سادگی کی حد ہے کہ وہ سب کے ساتھ مخلصانہ ملتا ہے ، اس کے دل میں تعصب وعناد کے لیے کوئی جگہ نہیں ۔ وہ انتہا درجہ کا روادار ہے ، مگر ساری دنیائے کفر اس کی مخالف ہے ، مسلمان کو جب کبھی بھی کوئی تکلیف پہنچی ہے ، کفر کی باچھیں کھل گئی ہیں اور ان کے اخبارات اس خوشی کو چھپا نہیں سکتے ۔ حل لغات : بطانۃ : ولی دوستی ، قلبی رابطہ : الی یالوا : کے معنی اصل میں کسی کام میں کمی رکھنے کے ہیں ۔ لایالون : کے معنی بہ ہیں کہ کوئی دقیقہ نہیں اٹھا رکھتے ۔ خبال : فساد ، نقصان ۔