سورة آل عمران - آیت 84

قُلْ آمَنَّا بِاللَّهِ وَمَا أُنزِلَ عَلَيْنَا وَمَا أُنزِلَ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ وَإِسْمَاعِيلَ وَإِسْحَاقَ وَيَعْقُوبَ وَالْأَسْبَاطِ وَمَا أُوتِيَ مُوسَىٰ وَعِيسَىٰ وَالنَّبِيُّونَ مِن رَّبِّهِمْ لَا نُفَرِّقُ بَيْنَ أَحَدٍ مِّنْهُمْ وَنَحْنُ لَهُ مُسْلِمُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

کہہ دے ہم اللہ پر ایمان لائے اور اس پر جو ہم پر نازل کیا گیا اور جو ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق اور یعقوب اور اس کی اولاد پر نازل کیا گیا اور جو موسیٰ اور عیسیٰ اور دوسرے نبیوں کو ان کے رب کی طرف سے دیا گیا، ہم ان میں سے کسی ایک کے درمیان فرق نہیں کرتے اور ہم اسی کے فرماں بردار ہیں۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ٢) اللہ کا دین وہ ہے جسے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) سے لے کر حضرت مسیح (علیہ السلام) تک سب نے پیش کیا ، اس لئے ضروری ہے کہ ہر مسلم بلاتفریق احدے سب پر ایمان لائے اور یہ یقین رکھے کہ خدا کے پیغمبر (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) برحق ہیں اور یہ کہ حق تمام قوموں میں مشترکہ حقیقت کی حیثیت رکھتا ہے ، سچائی اور صداقت کو جہاں پائے جس صورت میں پائے قابل قبول سمجھے اور کسی تعصب وجہالت سے کام نہ لے ۔ حل لغات : الاسباط : جمع سبط ۔ بمعنی اولاد ۔ الاسلام ، عاجزی وفروتنی ، یہاں دین کامل مراد ہے ۔