سورة المؤمنون - آیت 91

مَا اتَّخَذَ اللَّهُ مِن وَلَدٍ وَمَا كَانَ مَعَهُ مِنْ إِلَٰهٍ ۚ إِذًا لَّذَهَبَ كُلُّ إِلَٰهٍ بِمَا خَلَقَ وَلَعَلَا بَعْضُهُمْ عَلَىٰ بَعْضٍ ۚ سُبْحَانَ اللَّهِ عَمَّا يَصِفُونَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اللہ نے نہ کوئی اولاد بنائی اور نہ کبھی اس کے ساتھ کوئی معبود تھا، اس وقت ضرور ہر معبود، جو کچھ اس نے پیدا کیا تھا، اسے لے کر چل دیتا اور یقیناً ان میں سے بعض بعض پر چڑھائی کردیتا۔ پاک ہے اللہ اس سے جو وہ بیان کرتے ہیں۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

خدا کے بیٹا نہیں : (ف ١) عیسائیوں کا یہ عقیدہ کہ خدا کی اولاد ہے اور معاذ اللہ ابن مریم (علیہ السلام) خدا کا بیٹا ہے ، بالکل غیر عقلی عقیدہ ہے ، کیونکہ چند خدا ہونے کی صورت میں سخت اختلاف وتشتت کائنات میں رونما ہوجائے ، باپ کچھ چاہے ، اور بیٹا کچھ ارادہ کرے ، اسی طرح ہو سکتا ہے کہ روح القدس ان دونوں کی مخالفت میں قوت آرائی کی ٹھان لے ، اور اس طرح دنیا مسابقت اور مقابلہ کا میدان بن جائے آپ نے ہندو میتھالوجی ، (علم الاصنام) میں دیکھا ہوگا ، کہ دیوتا ایک دوسرے سے دست وگربیان ہیں ، ہر ایک اپنے مقابل سے قوت وطاقت میں بڑھ جانا چاہتے ہیں ، یہ کیوں ؟ اس لئے کہ اگر سب خدا ہیں ، اور سب کے اختیارات کامل ہیں ، تو پھر ارادہ کی یک جہتی منطقی لحاظ سے قطعا غلط ہے ، ورنہ تعدد کا مفہوم بالکل باطل ہوجائے گا آپ غور فرمائیے کیا ایسی دو چیزیں فرض کی جا سکتی ہیں ، جو ماہیت ، کیفیت ، خصائص ، اور جہت کے اعتبار سے بالکل یکسان ہوں ؟ یقینا ذہن انسانی اس نوع کے تصورات سے حتما عاجز ہے کیونکہ جب آپ ان چیزوں کو دو فرض کر رہے ہیں تو اس کا پہلا مفہوم یہ ہے کہ ان میں بعض خصوصیات ایسی ہیں جن کی وجہ سے یہ ایک دوسرے سے ممتاز اور جدا ہیں اور دو ہیں اور بعض ایسی ہیں جن کی وجہ سے ان میں بعضے دو مشترک چیزوں میں ایک مابہ الامتیاز کی ضرورت ہے جو ان میں حد فاصل کا کام دے ، اب آپ سوچئے کہ متعدد الہیہ میں وجہ تعدد یا ماہب الامتیاز کیا ہو سکتا ہے ؟ کیا صفات علم وحکمت یا خصوصیات حسن وجمال ؟ ظاہر ہے کہ ان میں سے کوئی چیز نہیں ہو سکتی ، کیونکہ خدا کے معنی ہی یہ ہیں کہ وہ کاملا حسن وجمال اور علم وحکمت کی صفات عالیہ سے متصف ہو ، پھر صرف ایک وصف باقی رہ جاتا ہے اور وہ ارادہ ہے ، اور جب ارادہ کے لحاظ سے آپ نے سب کو مختار مان لیا ، تو اختلاف ناگزیر ہے ، ورنہ تعدد باطل ٹھہرتا ہے ، حالانکہ یہ خلاف مقراض ہے ہے اس لئے اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں اس کی ذات کا تصور اور تخیل ہی اتنا بلند اور پاکیزہ ہے ، کہ مشرکانہ خیالات کے لئے اس میں زرہ برابر گنجائش نہیں رہتی ۔