سورة الإسراء - آیت 55

وَرَبُّكَ أَعْلَمُ بِمَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۗ وَلَقَدْ فَضَّلْنَا بَعْضَ النَّبِيِّينَ عَلَىٰ بَعْضٍ ۖ وَآتَيْنَا دَاوُودَ زَبُورًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور تیرا رب ان کو زیادہ جاننے والا ہے جو آسمانوں اور زمین میں ہیں اور بلاشبہ یقیناً ہم نے بعض نبیوں کو بعض پر فضیلت بخشی اور ہم نے داؤد کو زبور عطا کی۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

فرق مراتب : (ف ١) اسلامی عقیدہ یہ ہے کہ تمام انبیاء یکساں طور پر قابل احترام ہیں ، سب کی عزت کرنا چاہئے اور سب کو اللہ کی جانب سے عہدہ نبوت پر فائز سمجھنا چاہئے ، البتہ مرتبے اور درجے کے لحاظ سے فرق مراتب ہے ، حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو خلت کا خلعت عطا کیا گیا ، جناب موسیٰ (علیہ السلام) کو شرف مکالمہ بخشا گیا ، حضرت مسیح (علیہ السلام) رفعت سے نوازے گئے سلیمان (علیہ السلام) کو بادشاہت اور حضرت داؤد (علیہ السلام) کو زبور دی گئی غرضیکہ سب انبیاء اپنے اندر کچھ نہ کچھ خصوصیات رکھتے ہیں جن کی وجہ سے وہ ایک دوسرے سے افضل ہیں ۔