سورة التوبہ - آیت 33
هُوَ الَّذِي أَرْسَلَ رَسُولَهُ بِالْهُدَىٰ وَدِينِ الْحَقِّ لِيُظْهِرَهُ عَلَى الدِّينِ كُلِّهِ وَلَوْ كَرِهَ الْمُشْرِكُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
وہی ہے جس نے اپنا رسول ہدایت اور دین حق دے کر بھیجا، تاکہ اسے ہر دین پر غالب کر دے، خواہ مشرک لوگ برا جانیں۔
تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی
دین غالب : (ف1) اسلام کی فطرت میں ایسی خصوصیات موجود ہیں ، جن کی وجہ سے یہ کائنات انسانی کا مشترکہ مذہب قرار دیا جا سکتا ہے ، اس میں توحید ہے ، مساوات ہے ، تمام انسانوں کا احترام ہے ، مکان وزمان کی حدود سے وراء ہے تعصبات سے پاک ہے مختصر ہے ، واضح ہے عمل ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ بادلیل ہے ۔ اس لئے عالمگیر غلبہ وسطوت کے لئے جن محاسن کی ضرورت ہے ، وہ اس میں موجود ہیں ، دنیا کا علم بڑھنے دو تم دیکھو گے کہ اسلام اور عقل تجربہ دونوں ایک ہیں اور ان میں کوئی منافات نہیں ۔