إِن تَتُوبَا إِلَى اللَّهِ فَقَدْ صَغَتْ قُلُوبُكُمَا ۖ وَإِن تَظَاهَرَا عَلَيْهِ فَإِنَّ اللَّهَ هُوَ مَوْلَاهُ وَجِبْرِيلُ وَصَالِحُ الْمُؤْمِنِينَ ۖ وَالْمَلَائِكَةُ بَعْدَ ذَٰلِكَ ظَهِيرٌ
اگر تم دونوں اللہ کی طرف توبہ کرو (تو بہتر ہے) کیونکہ یقیناً تمھارے دل (حق سے) ہٹ گئے ہیں اور اگر تم اس کے خلاف ایک دوسرے کی مدد کرو تو یقیناً اللہ خود اس کا مددگار ہے اور جبریل اور صالح مومن اور اس کے بعد تمام فرشتے مددگار ہیں۔
اب ہم اس راز افشا کرنے والی اور دوسری سن کے آگے کہنے والی دونوں کو مخاطب کر کے حکم دیتے ہیں اے نبی کی بیویو ! اب تم اپنا حال سنو ! تم میں سے ایک وہ جس کو نبی نے راز بتایا تھا دوسری وہ جس کو اس بیوی نے راز بتایا اور اس نے شائع کیا تم دونوں بیویاں اس غلطی سے توبہ کرو (تو تم کو مناسب ہے) کیونکہ تمہارے دل اس غلط کاری سے بگڑ چکے ہیں اور اگر بفرض محال اس (رسول) کے خلاف منشا سازشیں کرو گی تو اس کا کچھ نہ بگاڑ سکو گی کیونکہ اللہ خود جبرئیل فرشتہ اور جملہ نیک ایماندار لوگ اس کے ہوا خواہ اور محب ہیں علاوہ ازیں تمام فرشتے اپنی اپنی حیثیت میں اس کے مددگار ہیں