سورة الطلاق - آیت 8
وَكَأَيِّن مِّن قَرْيَةٍ عَتَتْ عَنْ أَمْرِ رَبِّهَا وَرُسُلِهِ فَحَاسَبْنَاهَا حِسَابًا شَدِيدًا وَعَذَّبْنَاهَا عَذَابًا نُّكْرًا
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور کتنی ہی بستیاں ہیں جنھوں نے اپنے رب اور اس کے رسولوں کے حکم سے سرکشی کی تو ہم نے ان کا محاسبہ کیا، بہت سخت محاسبہ اور انھیں سزا دی، ایسی سزا جو دیکھنے سننے میں نہ آئی تھی۔
تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری
پس یاد رکھو کہ الٰہی حکموں سے سرتابی کرنی کسی طرح جائز نہیں نہ غنا کی وجہ سے نہ فقر کے سبب سے سنو ! کئی بستیوں نے اپنے رب کے حکم سے اور اس کے رسولوں کے حکم سے سرکشی کی تھی نہ اللہ کی توحید کو مانا نہ رسولوں کی رسالت تسلیم کی نہ ان کے حکموں کی تعمیل کی پھر ہم (اللہ) نے بڑی سختی سے ان کے اعمال کا محاسبہ کیا یعنی ذرہ ذرہ پر مواخذہ کیا اور ان کے اعمال بد کی سزا دی ان کو سخت عذاب کیا