سورة المنافقون - آیت 2
اتَّخَذُوا أَيْمَانَهُمْ جُنَّةً فَصَدُّوا عَن سَبِيلِ اللَّهِ ۚ إِنَّهُمْ سَاءَ مَا كَانُوا يَعْمَلُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
انھوں نے اپنی قسموں کو ڈھال بنالیا، پس انھوں نے اللہ کی راہ سے روکا۔ یقیناً یہ لوگ جو کچھ کرتے رہے ہیں برا ہے۔
تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری
نہ ان کے دل میں تیری تصدیق ہے نہ وہ دل سے شہادت دیتے ہیں اس لئے جھوٹے ہیں بلکہ اصل بات یہ ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کے رعب میں اپنی قسموں کو بچائو کی ڈھالیں بنا رکھا ہے ادھر ادھر آتے جاتے واللہ باللہ کہتے رہتے ہیں تاکہ تم مسلمان یہ سمجھو کہ تمہارے دوست ہیں پھر اس دوستی کے پیرائے میں ناواقف لوگوں کو اللہ کی راہ سے روکتے ہیں کیونکہ اسلامی لباس میں ہو کر جب اسلام کی برائی بیان کریں گے تو نادان سننے والا خواہ مخواہ اعتبار کرے گا اس لئے یہ لوگ بہت برا کرتے ہیں اس کا نتیجہ بد ان کو بھگتنا پڑے گا۔